مولاناعادل خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری،علماء کمیٹی نے 16 اکتوبر کو سندھ میں پہیہ جام ہڑتال اور ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا،
علماء کمیٹی نے شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے دیے گئے 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم پورا ہونے پر 16 اکتوبر بروز جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی علماء کمیٹی کے سربراہ مولانا اقبال اللہ ،مولانا اورنگزیب فاروقی،مولانا قاسم محمود،مولانا قاری محمد عثمان ،مولانا ولی اللہ،مولانا مفتی حماد اللہ مدنی،مولانا طلحہ رحمانی ،مولانا سیف اللہ خالد،مولانا منظور مینگل،مولانا ڈاکٹر محمد قاسم ،مفتی محمد زبیر،مولانا عمر صادق،مولانا احمد یار خان،مولانا ابرہیم مظہر اور دیگر نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عادل خان کی شہادت کو نہیں بھول سکتے،قاتلوں کی گرفتاری کے لئے کوئی ٹھوس اقدمات نظر نہیں آرہے،عرصہ دراز سے درجنوں علماء کی ٹارگٹ کلنگ ہوئی لیکن کسی ایک عالم کے قاتل کو گرفتار نہیں کیا گیا ،وفاقی و صوبائی حکومت مولانا عادل خان کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے اپنی کارروائیاں تیز کرے،ملک کے ایسے عناصر کو بے نقاب کیا جائے جو فرقہ واریت کو ہوا دے کر ملک کو انارکی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں ،علماء نے کہا کہ ہم نے ایک عظیم شخصیت کھوئی ہے ،پر امن احتجاج ہمارا قانونی اور جمہوری حق ہے ،مولانا عادل خان کی شہادت کو 48 گھنٹے پورے ہو چکے ہیں لیکن اب تک قاتلوں کئی گرفتاری کے لئے کوئی پیش رفت نظر نہیں آ رہی،تمام مکاتب فکر کے جید علماء اور مذہبی جماعتوں کے قائدین،اہل مدارس اور تنظیمات کے قائدین سے مشاورت کے بعد علماء کمیٹی نے طے کیا ہے کہ جمعہ کے روز ملک بھر میں پر امن ہڑتال اور احتجاج کیا جائے گا ،پوری قوم بشمول تاجر برادری،سیاسی تنظیموں اور شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اس پر امن ہڑتال میں حصہ لیں جبکہ شہر کراچی کی تاجر تنظیموں اور تاجر رہنماؤں نے ہڑتال کی حمایت کی یقین دہانی بھی کروا دی ہے
0 Comments